وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کے لیے قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، اپنے وعدے کے مطابق جس قدر ہو سکا ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنےکے لئے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا، وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 51 روپے فی لیٹراضافے کا امکان
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کے لئے مناسب مقدار میسر ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دعا گو ہیں عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔