لکی مروت : پولیس گاڑی کے قریب دھماکا، ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار شہید
لکی مروت کے قبائلی سب ڈویژن بیٹنی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔
فائل فوٹو
بنوں: (ویب ڈیسک) لکی مروت کے قبائلی سب ڈویژن بیٹنی میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔

پولیس ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ شہداء میں ایس ایچ او شادی خیل صدر اعظم اور اے ٹی ایس کے اہلکار بھی شامل ہیں، سپاہی شاہ بہرام، شاہ خالد، حاجی محمد، گل زادہ اور سخی زادہ بھی شہید ہوئے، کانسٹیبل انصاف الدین زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔

حکام کے مطابق دھماکا خیز مواد پولیس موبائل کے قریب نصب تھا، دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہید ایس ایچ او اور دیگر بہادر پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت کی، انہوں نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کی اوران کی ہمت افزائی کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قوم کے لئے باعثِ فخر ہیں، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے قومی عزم غیر متزلزل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے امریکی طیارہ بردار جہاز ابراہم لنکن پر حملہ کردیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور شہید ایس ایچ او و دیگر جوانوں کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور جام شہادت نوش کرنے والے ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے بہادر جوانوں نے اپنا آج قوم کے پرامن کل پر قربان کیا، کے پی کے پولیس کے افسروں اور جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 

ضرور پڑھیں