افغان سرزمین کا پاکستان کیخلاف استعمال ناقابل قبول ہے: فیلڈ مارشل
چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 'فتنہ الخوارج' اور 'فتنہ الہندوستان
فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
راولپنڈی: (سنو نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ 'فتنہ الخوارج' اور 'فتنہ الہندوستان " کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان زمین کا استعمال ناقابل قبول ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وانا جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا ،فیلڈ مارشل نے سکیورٹی صورتحال اور مغربی سرحد پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملک کے دفاع میں شہداء کی قربانیوں کو قومی سلامتی کی بنیاد قرار دیا ، فیلڈ مارشل نے مادر وطن کے دفاع میں لازوال قربانیاں دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ فیلڈ مارشل کو سکیورٹی ماحول، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور سرحدی انتظامات کے اقدامات ، آپریشن غضب للحق اور پاک افغان سرحد پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، فیلڈ مارشل نے سرحد پر تعینات فورسز کی جنگی تیاری، ہم آہنگی اور استقامت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن غضب للحق، 481 خوارج ہلاک، 696 زخمی ہو چکے

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے فرنٹ لائن پر تعینات افسران اور فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار، آپریشنل چوکنائی اور بلند حوصلے کو سراہا، فیلڈ مارشل نے جوانوں کی پاکستان کی خودمختاری کی حفاظت اور خطے میں امن و استحکام قائم رکھنے کے عزم کی تعریف کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ افغان زمین کا استعمال 'فتنہ الخوارج' اور 'فتنہ الہندوستان " کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے ناقابل قبول ہے، سرحد پار سے پیدا ہونے والے خطرے کو ختم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ امن تبھی ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردوں کی حمایت ترک کریں۔ 

ضرور پڑھیں