کسی بھی اشتعال انگیزی پر بھرپور جواب دیا جائیگا: پاکستان
پاکستان کی جانب سے دشمن کو دو ٹوک پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی پر نپا تلا، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان کی جانب سے دشمن کو دو ٹوک پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی اشتعال انگیزی پر نپا تلا، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاکستان کی دہشتگرد حملوں اور افغانستان سے فوجی اشتعال انگیزی کے خلاف دفاعی کارروائیاں جاری ہے، افواج پاکستان فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے افغان سرزمین سے حملوں کے جواب میں چنے گئے اہداف کیخلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 فروری کی رات طالبان حکومت کی بلااشتعال کارروائیوں کے بعد پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جانب سے افغانستان میں موجود دہشتگرد ٹھکانوں اور لاجسٹک مراکز کو نشانہ بنایا گیا، کارروائیاں پاکستان کے حقِ دفاعِ خودی اور شہریوں کے تحفظ کے تحت کی گئیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاک افواج کی کارروائیوں میں دہشتگرد گروہوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، کسی بھی اشتعال انگیزی پر نپا تلا، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کا افغان جارحیت کا بھرپور جواب، دشمن کو بھاری نقصان

اس موقع پر پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کی خواہش کا اظہار اور سفارتی و سیاسی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ طالبان رجیم اور بھارت کی پشت پناہی سے افغان سرزمین سے دہشتگرد حملوں میں اضافہ ہوا، افغان طالبان رجیم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو کھلی چھوٹ دینا بند کرے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ عالمی برادری طالبان حکومت پر دباؤ ڈالے کہ وہ دہشتگرد گروہوں کے خلاف اقدامات کرے،پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ 

ضرور پڑھیں