ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے اہم حکومتی شخصیات کا رابطہ ہوا، جس میں انہیں یقین دہانی کروائی گئی کہ ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل پینل آج ہی عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کرے گا۔ حکومتی نمائندوں نے معائنے کے طریقہ کار اور انتظامات سے متعلق بھی پی ٹی آئی قیادت کو آگاہ کیا ہے تاکہ اس حوالے سے پائے جانے والے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی اڈیالہ سے اسلام آباد جیل منتقلی کا فیصلہ
اطلاعات کے مطابق ڈاکٹرز کے پینل میں متعلقہ شعبوں کے ماہرین شامل ہوں گے جو عمران خان کی موجودہ صحت کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔ معائنے کے بعد ایک باقاعدہ میڈیکل رپورٹ بھی مرتب کی جائے گی، جسے متعلقہ حکام اور فریقین کے ساتھ شیئر کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن اتحاد کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو ان کے ذاتی معالج تک رسائی دینے کے مطالبے پر احتجاج جاری ہے۔ اسلام آباد میں تین مختلف مقامات پر دھرنے دیئے جا رہے ہیں، جہاں مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ عمران خان کو ان کے ذاتی ڈاکٹر سے معائنہ کروانے کی اجازت دی جائے تاکہ کسی بھی قسم کے شبہات کا خاتمہ ہو سکے۔
اسلام آباد کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ داخلی راستوں کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے قیدی وینز بھی موقع پر موجود رکھی گئی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔