ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ میں بصارت کی کمی کی شکایت پر پمز میں ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا، سابق وزیراعظم عمران خان کی دائیں آنکھ کی ریٹینل وین بند ہونے کی تشخیص ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں ماہر امراضِ چشم نے عمران خان کی آنکھ کا مکمل معائنہ اور او سی ٹی ٹیسٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس سے سلمان راجہ کی ملاقات، تحفظات بارے آگاہ کیا
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کا کہنا ہے کہ عمران خان کو علاج کیلئے گزشتہ ہفتے کی شب پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، عمران خان کی آنکھ میں اینٹی وی ای جی ایف انجکشن لگانے کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔ آپریشن تھیٹر میں 20 منٹ تک جاری رہنے والے عمل کے دوران عمران خان کی حالت مستحکم رہی۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو ضروری طبی ہدایات اور فالو اپ پلان کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔
یاد رہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو آنکھ کے طبی ماہرین کی تجویز پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور معائنے کے بعد انہیں واپس جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے تصدیق کی کہ عمران خان بالکل ٹھیک اور صحت مند ہیں۔
اس سے قبل سینیئر قانون دان اور پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا تھا کہ عمران خان کو چھوٹے مسئلے کے لیے نہیں بلکہ کسی بڑے مسئلے کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بات اڈیالہ سے پمز تک پہنچ گئی لیکن اہل خانہ کو نہیں بتایا گیا، سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ پمز اسپتال میں کوئی ریٹینا اسپیشلسٹ ہے ہی نہیں۔