بنوں: مہاجر کیمپ کے قریب فائرنگ، امن کمیٹی کا رکن جاں بحق
ڈومیل مہاجر کیمپ
بنوں کے علاقے ڈومیل مہاجر کیمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں امن کمیٹی کا رکن جاں بحق ہوا/ فائل فوٹو
بنوں (ویب ڈیسک): بنوں کے علاقے ڈومیل مہاجر کیمپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں امن کمیٹی کا ایک رکن جاں بحق جبکہ اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب امن کمیٹی کا رکن خواجت اللہ مہاجر کیمپ کے قریب ایک دکان سے سامان خرید رہا تھا۔ اسی دوران نامعلوم افراد نے اچانک اس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں خواجت اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

واقعہ کے بعد اس کے کزن نسیم اللہ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق نسیم اللہ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور اسے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مری میں برفانی طوفان کی پیشگوئی، ایڈوائزری جاری

واقعے کے فوراً بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ پولیس کی ٹیمیں اس واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں اور تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ ملزمان کا سراغ لگایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آوروں کا مقصد امن کمیٹی کے رکن کو نشانہ بنانا تھا، تاہم اس بات کا تعین کرنا ابھی باقی ہے کہ یہ حملہ کسی خاص مقصد کے تحت کیا گیا یا محض ایک اتفاق تھا۔