پاکستان نےغزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کر لی
پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کے دعوت قبول کر لی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کے دعوت قبول کر لی۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد کیا گیا، اس اقدام کا مقصد غزہ میں پائیدار امن، انسانی امداد میں اضافہ اور دوبارہ تعمیر ہے، پاکستان فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طویل المدتی امن اور فلسطین کی آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، پاکستان اس امید کا اظہار کرتا ہے کہ اس فریم ورک کے قیام کے ساتھ مستقل جنگ بندی کا نفاذ ممکن ہو گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فریم ورک کے تحت فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد میں نمایاں اضافے اور غزہ کی تعمیرنو کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، پاکستان کو یہ بھی امید ہے کہ یہ کوششیں فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے عملی اظہار کی راہ ہموار کریں گی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرارداد 2803 کے تحت غزہ امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا، بورڈ آف پیس کے ذریعے غزہ میں مستقل جنگ بندی کے نفاذ کی امید ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کے لیے دعوت دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: صدر ٹرمپ کی وزیراعظم کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت

دوسری جانب ترکیہ نے بھی غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر رضامندی ظاہر کر دی، ترک وزیر خارجہ حکان فدان ڈیووس میں “بورڈ آف پیس” اجلاس میں ترکیہ کی نمائندگی کریں گے۔

ترک وزیر خارجہ حکان فدان نے کہا کہ عالمی امن کے لیے ترکیہ کا فعال سفارتی کردار ہے، ڈیووس فورم میں امن و استحکام پر اہم مشاورت متوقع ہے۔