صدر ٹرمپ کی وزیراعظم کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دے دی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کو غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت دے دی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے لیے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت موصول ہوئی ہے، پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور طور پر شامل رہے گا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کے لیے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حمایت جاری رکھے گا، غزہ میں دیرپا امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں غزہ کے معاملات کی نگرانی، سکیورٹی اور بحالی کے لیے بین الاقوامی بورڈ کا اعلان کیا ہے جسے ’بورڈ آف پیس‘ کا نام دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ماریہ ماچاڈو نے اپنا نوبل امن میڈل ٹرمپ کے حوالے کر دیا

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بورڈ آف پیس کے مرکزی ارکان کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا تھا، یہ بورڈ سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے اقدامات میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی اور حکومتی ڈھانچے میں اصلاحات کو فروغ دینے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے لیے امریکا کی جانب سے اعلان کردہ ایگزیکٹیو بورڈ کی تشکیل پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے اسرائیلی پالیسی کے منافی قرار دیا ہے۔