شدید دھند کا راج، پنجاب میں موٹرویز بند
dense fog Punjab
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں موٹروے پولیس نے عوام کی حفاظت کے پیش نظر کئی اہم موٹرویز ٹریفک کیلئے بند کر دی ہیں۔

صبح کے اوقات میں دھند کی شدت اس قدر زیادہ رہی کہ گاڑی چلانا خطرناک ہو گیا، جس پر فوری حفاظتی اقدامات کیے گئے۔

موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 3 فیض پور سے سمندری تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ، جہاں حد نگاہ چند میٹر تک محدود ہو چکی ہے۔ اسی طرح موٹروے ایم 4 شیرشاہ سے عبدالحکیم تک اور موٹروے ایم 5 شیرشاہ سے ظاہر پیر تک بھی دھند کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی۔

اس کے علاوہ موٹروے ایم 11 لاہور سے سمبڑیال تک بھی شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئی، جس کے بعد اس اہم روٹ پر بھی ٹریفک معطل کر دی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران تیز رفتاری حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے موٹرویز کو عارضی طور پر بند کرنا ناگزیر تھا۔

یہ بھی پڑھیں:طوفانی بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری

موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو متبادل راستے اختیار کریں۔ ڈرائیور حضرات کو فوگ لائٹس استعمال کرنے، مناسب فاصلہ برقرار رکھنے اور رفتار کم رکھنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہوتے ہی موٹرویز کو مرحلہ وار کھول دیا جائے گا، تاہم شہری تازہ ترین صورتحال جاننے کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔

ضرور پڑھیں