این ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 24 جنوری تک بارش اور برفباری کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور اچانک سیلاب کا خدشہ ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں کو خاص طور پر خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ہو سکتا ہے۔ دیر، چترال، سوات اور کوہستان میں بھی فلیش فلڈ کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
ادارے کے مطابق نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں، نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں کے قریب غیر ضروری آمد و رفت سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں:اچکزئی پلازہ میں آتشزدگی، 200 سے زائد دکانیں متاثر
دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بدھ کے روز سے بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ نوشکی، ہرنائی، ژوب اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بارکھان، سبی، لورالائی، کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران اور چاغی میں بھی بارش کے امکانات ہیں، جس کے باعث عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔