کوئٹہ: اچکزئی پلازہ میں آتشزدگی، 200 سے زائد دکانیں متاثر
کوئٹہ کے علاقے پرنس روڈ پر لیاقت بازار میں 4 منزلہ اچکزئی پلازہ میں شدید آگ بھڑک اُٹھی جس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا۔
فائل فوٹو
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے علاقے پرنس روڈ پر لیاقت بازار میں 4 منزلہ اچکزئی پلازہ میں شدید آگ بھڑک اُٹھی جس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں علی الصبح 5 بجے مشہور تجارتی مرکز پرنس روڈ پر قائم اچکزئی پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی آگ کے شعلوں نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے پلازے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ لگنے کے فوری بعد فائربریگیڈ کی گاڑیاں موقعے پر پہنچیں ضلعی انتظامیہ پی ڈی ایم اے ، ایف سی اور پولیس سمیت دیگر ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پانے کے لئے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا اور سات گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا، خوش قسمتی سے واقعہ میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔

انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیق سے معلوم ہوا کہ آگ شاٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی تاہم نقصانات اور آگ لگنے کی وجوہات سے متعلق مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو گئی

تاجر برادری کا کہنا ہے کہ 200 سے زائد دوکانوں میں موجود موبائلز، لیپ ٹاپس اور گارمنٹس سمیت دیگر موجود سامان جل کر راکھ ہو گیا جس کی مالیت اربوں روپے ہے۔

مقامی شہریوں اور دکان داروں نےایف سی بلوچستان نارتھ، ریسکیو 1122 اور سول انتظامیہ کی بروقت اور مؤثر کاروائی کو سراہا اور انکی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

یاد رہے کہ ہفتے کی رات کراچی میں گل پلازہ میں بھی آتشزدگی کے باعث 1500 دکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی تھیں جبکہ واقعہ میں 28 افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ 86 تاحال لاپتا ہیں۔