محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیل کے مطابق ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ بعض خطوں میں ہلکی بارش، برفباری اور شدید دھند کا امکان ظاہر کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم چترال، سوات، دیر، کوہستان اور ملحقہ علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند چھانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ شام اور رات کے اوقات میں خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود ہو سکتا ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد رہے گا۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت متعدد اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جے یو آئی کے سینئر رہنما مولانا قاری محمد یوسف انتقال کر گئے
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم متوقع ہے۔ سندھ کے زیادہ تر علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھا سکتی ہے۔
کشمیر میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ گلگت بلتستان میں شدید سردی کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دھند اور سردی کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔