قتل کیس: ملزم عمران خان کو سزائے موت کا حکم
Rawalpindi murder case
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے میں پیش آنے والے ہائی پروفائل قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے ملزم عمران خان کو سزائے موت سناتے ہوئے کہا کہ کیس کے شواہد اور گواہوں کے بیانات نے جرم ثابت کر دیا۔

عدالت نے ساتھ ہی مجرم پر 5 لاکھ روپے ہرجانہ بھی عائد کیا، جو متاثرہ خاندان کو ادا کیا جائے گا تاکہ قتل کے بعد انہیں کچھ مالی سہارا مل سکے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق یہ قتل دشمنی کے نتیجے میں کیا گیا، مقدمے میں بتایا گیا کہ مقتول نمازِ جمعہ ادا کرنے کے بعد جب مسجد سے باہر نکل رہے تھے، اسی وقت ملزم نے گھات لگا کر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پشاور جلسے کے حوالے سے اہم پیغام

 

 

کیس نے راولپنڈی میں سماجی اور قانونی دونوں حلقوں کی بھرپور توجہ حاصل کی، جبکہ عدالت میں اس مقدمے کی کارروائی خصوصی سنجیدگی کے ساتھ چلائی گئی۔ شہادتوں، فرانزک شواہد اور گواہوں کے بیانات نے ملزم کے جرم کو ثابت کیا، جس کے بعد عدالت نے قرار واقعی سزا سناتے ہوئے کہا کہ ایسے سنگین جرائم کیخلاف سخت فیصلے معاشرے میں انصاف اور امن کے قیام کیلئے ناگزیر ہیں۔

متاثرہ خاندان نے عدالتی فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔