پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان علاقے میر علی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران 6 بھارتی فتنہ الخوارج ہلاک ہو گئے جبکہ دوسری کارروائی سپن وام میں کی گئی جہاں ایک خوارج جہنم واصل ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، دہشت گردسکیورٹی فورسز اور شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے بتایا گیا کہ علاقے میں دہشت گردوں کو ختم کرنے کیلئےسینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز"عزم استحکام" مہم کےتحت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان، سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 22 خوارج جہنم واصل
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بلند حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع کے عزم جوانوں کی جرات کو سراہا جبکہ وزیر اعظم نے ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے قبضے سے اسلحہ و بارود کی برآمدگی سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ مہارت کا ثبوت ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں ، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔