پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ٹھکانے پر کامیاب کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز اور فتنہ الخوارج کے درمیان فائرنگ کے شدید تبادلے میں 22 دہشتگرد ہلاک ہو گئے، ہلاک دہشتگرد بھارتی سرپرستی یافتہ گروہ سے تعلق رکھتے تھے۔
ترجمان پاک فوج کی جانب سے کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، کوئی بھی مزید خوارج ملا تو فوری کارروائی کی جائے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں پوری شدت سے جاری ہیں، نیشنل ایکشن پلان کے مطابق انسدادِ دہشتگردی مہم تیز کردی گئی ہے، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کو مکمل شکست دینے کے لئے پُرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کچہری دھماکے کی افغانستان میں منصوبہ بندی بے نقاب
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور 22 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پذیرائی کی۔
محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔