سابق ایف آر پشاور میں شادی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کی جانب سے تمام سیکرٹریز کو قواعد کی سخت پابندی کا حکم دے دیا گیا ہے۔
مراسلے کے مطابق کم عمری میں ہونےوالی شادی کی رجسٹریشن سے قبل نادرا رجسٹریشن فارم،سکول سرٹیفکیٹ یا پیدائشی سرٹیفکیٹ کی تصدیق لازمی ہے اور کم عمرشادی کیلئے عمر کی تصدیق کے بغیر کوئی درخواست منظورنہ کی جائے۔
خیال رہے کہ طلاق کی صورت میں طلاق نامہ اور خلع دستاویزات کی تصدیق لازمی ہے، بیوہ کی شادی کی رجسٹریشن کیلئے شوہرکا ڈیتھ سرٹیفکیٹ منسلک کرنا ضروری ہے اور دوسری شادی کیلئے مجاز اتھارٹی کا اجازت نامہ لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: ضلعی عدالتوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان
مزید یہ کہ متعلقہ حکام کو تمام شادیاں کونسل کے سرکاری شادی رجسٹر میں درج کرنے اور سالانہ شادی رجسٹریشن ریٹرن کے ساتھ تمام دستاویزات منسلک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق شادی رجسٹریشن ریکارڈ کو فوری طور پر آن لائن ایم آئی ایس سسٹم میں اپلوڈ کیا جائے، غیرضروری تاخیر پر پابندی اورشادی رجسٹریشن فائلز بروقت نمٹانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ویلیج سیکرٹریز کو چیئرمینز، کونسل ممبران اور نکاح خوانوں کو بریف کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔