پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد کچہری خود کش دھماکہ میں ملوث حملہ آور دو سو روپے میں کچہری تک پہنچا ، حملہ آور کو لانے والے شخص کو پولیس نے پکڑ لیا ، حملہ آور گولڑہ موڑ سے جی الیون کچہری تک موٹرسائیکل پر پہنچا تھا۔
ذرائع کے مطابق آن لائن موٹرسائیکل سروس فراہم کرنے والے رائیڈر نے دو سو روپے میں حملہ آور کو گولڑہ سے کچہری تک پہنچایا ، خود کش حملہ آور گولڑہ تک کیسے پہنچا اس حوالے سے سیف سٹی کیمروں سے مزید تلاش شروع کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کچہری کے باہر خود کش حملہ ہوا تھا جس میں 12 افراد شہید اور 20 زخمی ہوئے تھے، لاشوں اور زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں 13 زخمی تاحال زیر علاج ہیں جبکہ ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد دھماکہ، بھارت اور افغانستان کی ملی بھگت سامنے آگئی
بعدازاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ، انہوں نے ریسکیو سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خود کش حملہ اور کچہری کے اندر جانے کا پلان کر رہا تھا، موقع نہ ملنے پر پولیس کی گاڑی پر حملہ کیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ واقعہ میں جو بھی ملوث ہو گا چاہے دوسرے ملک سے بھی کوئی ہوا تو کسی کو بھی معاف نہیں کیا جائے گا ،دو ہفتے بعد کوئی بھی گاڑی ای ٹیگ کے بغیر اسلام آباد میں داخل نہیں ہو گی۔