تفصیلات کے مطابق پنجاب میں مریم نواز اسکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جو پاکستان کا پہلا اسٹیٹ آف دی آرٹ سرکاری ادارہ ہوگا۔
اس منفرد منصوبے کے تحت آٹسٹک بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم، تھراپی، مفت پک اینڈ ڈراپ، کھانا، یونیفارم اور کتابیں فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس کی صدارت معاونِ خصوصی برائے اسپیشل ایجوکیشن ثانیہ عاشق نے کی، جس میں داخلوں اور اسٹاف بھرتی کا عمل فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت دی گئی۔اجلاس میں سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، ایجوکیشن، فنانس اور ہائیر ایجوکیشن کے سیکریٹریز نے شرکت کی اور وزیراعلیٰ کے وژن کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی سستی یا مہنگی؟ حکومت کا تین سالہ سپورٹ پیکج کا اعلان
منصوبے کو بورڈ آف ڈائریکٹرز نے باضابطہ منظوری دی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکول میں ٹیچر ٹریننگ اور ریسرچ سینٹر بھی قائم کیا جائے گا تاکہ خصوصی بچوں کی تعلیم کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لایا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایوننگ شفٹ میں سیلف فنانسنگ پر تھراپی سروسز فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
بورڈ اراکین نے کہا کہ یہ اقدام آٹسٹک بچوں کیلئے ایک نئی امید کی کرن ثابت ہوگا اور خصوصی تعلیم کے شعبے میں نئی تاریخ رقم کرے گا۔