پی ٹی آئی وفد کی وفاقی وزیر امیر مقام سے ملاقات، امن جرگہ میں شرکت کی دعوت
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد امن جرگہ اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو دعوت دینے پہنچ گیا۔
پی ٹی آئی وفد وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کررہا ہے
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا وفد امن جرگہ اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو دعوت دینے پہنچ گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی، کشمیر کونسل پہنچنے پر انجینئر امیر مقام نے پی ٹی آئی وفد کا استقبال کیا، پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر، جنید اکبر خان اور عاطف خان شریک تھے۔

ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں نے وفاقی وزیر و لیگی رہنما انجینئر امیر مقام کو امن جرگے اور آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ہم یہاں صرف ون پوائنٹ ایجنڈا پر آئے ہیں ،ہمارا صرف ایک ایجنڈا ہے امن کانفرنس اور اسی سلسلے میں سب کو دعوت دے رہے ہیں ۔

بعدازاں پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر و دیگر نے وفاقی وزیر امیر مقام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن جرگہ بلا رہے ہیں چاہتے ہیں سب اکٹھے فیصلے کریں ،ہم چاہتے ہیں صوبے کے تمام اسٹیک ہولڈرز اکٹھے ہو کر آگے بڑھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق پی ٹی آئی رہنماؤں کا بانی کی رہائی کیلئے حکومتی شخصیات سے ملاقات کا فیصلہ

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ہم صرف چاہتے ہیں صوبے کی روایات رہیں کہ مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کریں ،خیبرپختونخوا چونکہ بارڈر ایریا ہے تو اسے سیاست سے بالاتر ہو کر اکٹھے مسائل کا حل نکالیں۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن کے لئے سب بات کرنے کو تیار ہیں ،اس سے قبل بھی ہم نے اختلافات کو بالائے تاک رکھ کر امن جرگے میں شرکت کی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور اسپیکر نے امن کی خاطر ہم سے بات کی ۔