میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے بتایا کہ اسٹیشن کا ویٹنگ لاؤنج اب500 سے زائد مسافروں کو بیک وقت سہولت فراہم کر سک تا ہے۔ انہوں نے مقامی صنعتکار میاں محمد ادریس اور شہر کی تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے منصوبے کی تکمیل میں بھرپور تعاون کیا۔
وزیر نے مزید اعلان کیا کہ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا اور حکومت ملک بھر میں اہم ریلوے ٹریکس کی بحالی اور مسافر سہولیات کی بہتری کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد، لاہور، ملتان، کراچی اور راولپنڈی کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فعال کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی تا روہڑی ریلوے ٹریک کے500 کلومیٹر حصے کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے موبائل ٹیم کا شیڈول جاری کر دیا
عباسی نے مزید کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران کئی ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں جن میں شالیمارایکسپریس کی جدید سہولیات کے ساتھ اپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔ مزید برآں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نئے مسافر سروس سینٹرز قائم کیے جائیں گے جبکہ سیکورٹی اقدامات میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گوجرانوالہ کے144 سال پرانے ریلوے اسٹیشن کی بحالی کا اعلان کیا ہے۔ تزئین و آرائش کے بعد اس مقام کو "ادبی بیٹھک" کا نام دیا گیا ہے جس میں ریڈنگ کارنر اور جدید کیفے ٹیریا شامل ہیں جو لاہور کے مشہور پاک ٹی ہاؤس سے متاثر ہے۔ یہ نیا مرکز شہریوں کے لیے ایک ثقافتی اور فکری مقام فراہم کرے گا۔