27ویں ترمیم صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ، مخالفت کریں گے: سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے 27ویں آئینی ترمیم صوبائی خود مختاری پر ڈاکے کے مترادف ہے، بھرپور مخالفت کریں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں (فوٹو سکرین گریب)
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے 27ویں آئینی ترمیم صوبائی خود مختاری پر ڈاکے کے مترادف ہے، بھرپور مخالفت کریں گے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ میں آج پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت کیلئے آیا تھا،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی قرارداد جمع کرانی تھی۔

انہوں نے کہا کہ جس دن سے میں وزیر اعلیٰ بنا ہوں میں نےسب کو ملاقات کیلئے کہا، میں ہائیکورٹ بھی گیا کہ میری ملاقات کرائی جائے لیکن میری ملاقات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے اس لیے یہاں قرارداد جمع کرانا مناسب سمجھا، جمہوری راستے اختیار کر رہا ہوں، لیڈر سے ملاقات میرا حق ہے، پارلیمنٹ سپریم ہے میں بانی سے ملاقات کے لیے آواز اٹھاؤں گا، کل میری لیڈر عمران خان سے ملاقات ہو گی۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کی ہم مخالفت کریں گے، 27ویں آئینی ترمیم صوبائی خودمختاری پر ڈاکہ ہے، صوبائی خودمختاری پر کسی قسم کے حملے کو برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسد قیصر اور عمر ایوب و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری

ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے، پاکستان تحریک انصاف جمہوریت اور آئین کی محافظ ہے۔

دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں ہلچل ہے کہ وفاق صوبوں پر حملہ آور ہو رہا ہے،موجودہ حکومت نے 16 سیٹوں کے ساتھ یہ حکومت سنبھالی، آئین میں ترمیم کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم متفقہ طور پر منظور کی گئی جس پر لوگوں نے خوشیاں منائیں، چھبیسویں ترامیم میں چار شقوں پر ہمیں شدید اعتراض ہے، آپ اب 27ویں ترمیم کے ذریعے پورے وفاق کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔