27ویں آئینی ترمیم: حکومت کا سینیٹ میں نمبر گیم پوری ہونے کا دعویٰ
حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ایوان بالا میں جے یو آئی کے بغیر ہی تعداد پوری ہونے کا دعویٰ کردیا۔
سینیٹ آف پاکستان (فائل فوٹو)
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے ایوان بالا میں جے یو آئی کے بغیر ہی تعداد پوری ہونے کا دعویٰ کردیا۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار 27ویں ترمیم کی منظوری کے معاملے پر اے این پی کے 3سینیٹرز کی حمایت ملنے کیلئے پُرامید ہیں، آزاد سینیٹر نسیمہ احسان سے بھی حمایت کی یقین دہانی حاصل کرلی گئی، آزاد سینیٹر نسیمہ احسان نے 26 ویں ترمیم پر بھی حکومت کو ووٹ دیا تھا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ مزید 6 آزاد سینیٹرز بھی 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالیں گے، آزاد سینیٹرز میں محسن نقوی، عبدالکریم، فیصل واوڈا، عبدالقادر، انوارالحق کاکڑ اور اسد قاسم شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق 96 کے ایوان میں حکومت کو 65 ارکان کی حمایت ملنے کا قوی یقین ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر جے یو آئی کے 2 سینیٹرز کی حمایت لینے کی بھی کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی ایوان بالا میں 26ارکان کے ساتھ سب سے بڑی جماعت ہے، حکومتی اتحاد میں مسلم لیگ ن کے 20، بی این پی کے 4 اور ایم کیو ایم کے 3 ارکان شامل ہیں جبکہ اے این پی کے 3، نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ ق کا ایک ایک سینیٹر بھی حکومتی اتحاد میں موجود ہے۔

دوسری جانب سینیٹ میں اپوزیشن کو 29ارکان کی حمایت حاصل ہے، اپوزیشن بینچوں پر پی ٹی آئی کے 14اور جے یو آئی کے 7 سینیٹرز موجود ہیں، 6 آزاد، ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل کا ایک ایک رکن بھی اپوزیشن کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن کے آزاد ارکان مراد سعید اور خرم ذیشان نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں: ستائیسویں آئینی ترمیم 7 نومبر کو سینیٹ میں پیش کی جائے گی

ادھر 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لئے سیاسی رابطوں میں بھی تیز آگئی، آزاد سینیٹر فیصل واوڈا نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی،پارلیمانی صورتحال اورقومی امور پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بڑے مضبوط سیاستدان ہیں ، مولانا فضل الرحمان سے ہمارا عزت کا رشتہ ہے ،آج کی ملاقات کچھ سیکھنے کے لئے تھی۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ترامیم کے معاملات کو دیکھیں گے ،مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے میں 27 ویں ترمیم کی تجاویز کا جائزہ لوں گا، مولانا فضل الرحمان ہمیشہ پاکستان کی بقا اور سلامتی میں اہم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ 27ویں ترمیم پر بے تاب ہیں میں اٹھائیسویں کے لیے تیار ہوں، اٹھارہویں ترمیم کو رول بیک نہیں کیا جا رہا ، ہزاروں ارب روپے وفاق سے جا رہے ہیں ، ٹی ایل پی کے ساتھ میرے اچھے تعلقات ہیں ،ان کی پارٹی بین ہوگئی ہے ، اگر کوئی مجھ سے سوال کرے اور میں آگے سے مار دھاڑ شروع کروں تو ری ایکشن آئے گا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نوجوان ہیں وہ صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں ، اگر مزاحمت کی سیاست کریں گے تو پھر نتائج بھگتنے ہونگے، آئینی ترمیم سکون سے پاس ہوتے نظر آرہی ہے۔