پنجاب میں سموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ، ایڈوائزری جاری
Punjab smog advisory
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی سموگ نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، جس پر حکومت پنجاب نے شہریوں کیلئے باقاعدہ ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ایڈوائزری میں شہریوں سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے اور حکومت کے کلین اینڈ گرین پنجاب ویژن کا حصہ بننے کی اپیل کی گئی۔

سموگ مانیٹرنگ اینڈ پیشگی وارننگ سسٹم کے مطابق صبح 9 بجے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 123 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ معتدل درجے کی آلودگی ظاہر کرتا ہے۔ تاہم ٹریفک کے دباؤ اور دھوئیں کے اخراج میں اضافے کے باعث فضا میں آلودگی کی شرح بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
محکمہ ماحولیات کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت درجہ حرارت میں کمی کے باعث دھواں زمین کے قریب جم جاتا ہے، جس سے شہریوں کو سانس لینے میں دشواری ہو سکتی ہے۔

ایڈوائزری میں شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ ٹریفک کے رش والے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑیوں کی بروقت مینٹیننس یقینی بنائیں اور سڑکوں پر طویل سگنل پر رکنے کی صورت میں انجن بند رکھیں تاکہ ایندھن کے ضیاع اور فضائی آلودگی سے بچا جا سکے، موٹرسائیکل سواروں کو خصوصی ماحولیاتی ماسک استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:سموگ میں شدت: مارکیٹیں پیر تا ہفتہ رات 10 بجے بند

علاوہ ازیں سکولز اور دفاتر کی انتظامیہ کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ طلبہ اور ملازمین کے اوقاتِ کار میں معمولی ردوبدل کر کے رش میں کمی لائیں۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سموگ کنٹرول کیلئے مربوط پلان پر عمل درآمد جاری ہے، جبکہ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو سڑکوں پر مؤثر مانیٹرنگ کے احکامات بھی دے دیے گئے ہیں تاکہ آلودگی کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکے۔