ریسکیو ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ پہلا واقعہ پیر کی شب تحصیل کانا کے علاقے نریڈالی میں پیش آیا، جہاں ایک منی جیپ کھائی میں گرنے سے ایک لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق مقامی افراد نے زخمیوں اور نعشوں کو رورل ہیلتھ سینٹر کروڑہ منتقل کیا، جہاں سے زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال الپوری ریفر کردیا گیا، واقعہ جاں بحق ایک شخص کی شناخت شیر نواز کے نام سے ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق مرحوم شیر نواز کے جنازے کے دوران ان کے گھر کی چھت زمیں بوس ہو گئی ، جس سے ایک اور سانحہ پیش آیا۔
مقامی رہائشی نے میڈیا کو بتایا کہ چھت گرنے کے واقعہ میں 11 افراد زخمی ہوئے جن میں سے پانچ افراد کی حالت تشویشناک ہے 4 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سوات ہسپتال ریفر کردیا گیا ہے،چھت گرنے سے گھر میں موجود خواتین اور بچے بھی ملبے تلے دب گئے۔
یہ بھی پڑھیں: غلط ٹریفک چالان گھر بیٹھے کیسے منسوخ کریں؟
دوسری جانب ایک ٹریفک حادثہ منگل کی صبح چکیسر کے علاقے سرکول میں پیش آیا، جس میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوئے۔
پولیس کے مطابق ایک جیپ دور دراز علاقے تالون سے سرکول جاتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری، حادثے میں 2 خواتین سمیت چار افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے، تمام زخمیوں اور لاشوں کو کھائی سے نکال کر فوری طور پر رورل ہیلتھ سینٹر تھاکوٹ منتقل کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو تحصیل چکیسر کے علاقے تالون کے رہائشی تھے۔