سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں اضافہ کر دیا۔
سرکاری ملازمین دفتری کام میں مصروف ہیں (فائل فوٹو)
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں اضافہ کر دیا۔

وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے سرکاری ملازمین کے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کا اطلاق یکم نومبر 2025 سے ہو گا۔

ترجمان وزارت ہاؤسنگ کی جانب سے بتایا گیا کہ نئی کرایہ داری سیلنگ کی شرح فنانس ڈویژن کی مشاورت سے طے کی گئی ہے اور اس کا اطلاق وفاقی حکومت کے گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک کے تمام ملازمین پر ہو گا، اضافے کا اطلاق فی الحال 6 بڑے اسٹیشنز پر کیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق میگا سٹیز میں بڑھتے ہوئے کرایوں کے پیشِ نظر اس فیصلے سے سرکاری ملازمین کو قابلِ قدر ریلیف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پنک اسکوٹی اسکیم جلد شروع کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کا فیصلے کو سرکاری ملازمین کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ وزارت ہاؤسنگ ملازمین کی سہولت اور فلاح کے لیے کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد تک اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی تھی، سمری وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وفاقی کابینہ کو ارسال کی تھی۔

وزارت ہاؤس کی جانب سے ارسال سمری میں وفاقی حکومت کے گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام ملازمین کی ہاؤس رینٹ سیلنگ میں یکساں اضافہ کی تجویز دی گئی تھی، حکومتی فیصلے سے قومی خزانے پر مجموعی طور پر بارہ ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔