شہبا زشریف کیجانب سے عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں اہم پیشرفت
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ہرجانہ کیس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بطور گواہ اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔

لاہور کی مقامی عدالت میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی کے رُوبرو پیش ہوئے، عطاء اللہ تارڑ نے عدالت کے روبرو بیان قلمبند کرانے سے پہلے حلف لیا۔

دوران سماعت وفاقی وزیر اطلاعات عطار تارڑ نے عدالت کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ مدعی ایک عزت دار اور معزز گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، مدعی کی سیاسی اور سماجی خدمات سے پوری دنیا واقف ہے، مدعی نے 1988 میں بطور رکن صوبائی اسمبلی اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مدعی شہباز شریف 1990 میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رکن منتخب ہوئے، شہباز شریف 1993 میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے منصب پر فائز ہوئے، 1997ء میں شہباز شریف بھاری اکثریت سے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کی بیسمنٹ کینٹین میں دھماکا

عطا تارڑ نے کہا کہ 2008ء میں پنجاب کے عوام نے ایک بار پھر شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں وزیراعلیٰ منتخب کیا، 2013 میں مدعی شہباز شریف دوبارہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رکن منتخب ہوئے، شہباز شریف ایک بار پھر وزیراعلیٰ منتخب ہوئے اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔

عطااللہ تارڑ نے الیکشن کمیشن کا مصدقہ ریکارڈ بھی عدالت کے روبرو پیش کیا، بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ پر اعتراض اٹھایا۔

وکیل بانی پی ٹی آئی نے مؤقف اپنایا کہ عدالت میرا اعتراض نوٹ کرے، عطاء اللہ تارڑ غیر متعلقہ دستاویزات عدالت میں پیش نہیں کر سکتے۔

بعد ازاں عدالت نے کہا کہ عطا تارڑ کی گواہی ریکارڈ کر لیتے ہیں اس پر جرح بعد میں کر لیں گے۔