تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی بیسمنٹ میں واقع کینٹین میں اچانک گیس سلنڈر پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس کے بعد سپریم کورٹ کے احاطے میں موجود افراد میں گھبراہٹ پھیل گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں،جنہیں طبی امداد کیلئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر ہی اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ اس دوران سیکورٹی اہلکاروں نے سپریم کورٹ کے اطراف کا علاقہ گھیرے میں لیتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کو وہاں سے ہٹا دیا۔
یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ کیس: بشریٰ بی بی نے نئی درخواست دائر کر دی
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دھماکا گیس لیکیج کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے کینٹین کے دیگر سلنڈرز کو بھی حفاظتی طور پر ہٹا دیا ہے تاکہ کسی ممکنہ بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم دھماکے سے کینٹین کے ایک حصے کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ نے واقعے کی جامع تحقیقات شروع کر دی ہیں۔