سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ خولہ چوہدری جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
PTI social media activist Khola Chaudhry
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ریاست مخالف ٹویٹ کیس میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ خولہ چوہدری کو عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

عدالت نے ایف آئی اے کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کر دی۔

یاد رہے کہ خولہ چوہدری کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا، آج انہیں راولپنڈی کی مقامی عدالت میں ڈیوٹی جج عبد الستار کے روبرو پیش کیا گیا۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذیشان نے تفتیشی افسر کی جانب سے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو مفاہمت کا راستہ اختیار کرنے کی تجویز دیں،شاہ محمود قریشی

واضح رہے کہ خولہ چوہدری پر الزام ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابق ٹوئٹر) پر ریاستی اداروں کیخلاف متنازع ٹویٹ کیا تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ خولہ چوہدری کے اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹس کی تفتیش جاری ہے اور الیکٹرانک شواہد بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنوں نے خولہ چوہدری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی اظہارِ رائے پر قدغن قرار دیا۔