
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے بغیر کسی تصدیق کے افغان کرکٹ بورڈ کے دعوے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ فضائی حملے میں افغان کرکٹرز جاں بحق ہوئے جو دوستانہ میچ کے بعد گھر واپس جا رہے تھے۔ آئی سی سی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے قابلِ مذمت قرار دیا۔
تاہم پاکستان نے آئی سی سی کے اس مؤقف کو یکسر مسترد کرتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آئی سی سی نے کسی بھی آزاد ذریعے سے تصدیق کیے بغیر بے بنیاد الزام عائد کیا ہے، جو کہ بین الاقوامی ادارے کے شایانِ شان نہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے سوشل میڈیا پر فوری ردِعمل دے کر سیاسی ایجنڈے کو عیاں کردیا، کھیل کو سیاست اور دہشتگردی کے تنازعات میں گھسیٹنا کرکٹ کے وقار کیلئے نقصان دہ ہے۔
پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ آئی سی سی فوری طور پر اپنے متعصبانہ بیان کی اصلاح کرے اور حقائق کی آزادانہ تحقیقات کرائے تاکہ کھیل کو سیاسی اثرات سے پاک رکھا جا سکے۔