وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کا ابتدائی ترجیحی ایجنڈا تیار
Sohail Afridi agenda
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اقتدار سنبھالنے کے فوراً بعد صوبائی حکومت کا ابتدائی ترجیحی ایجنڈا تیار کرلیا۔

تیارہ کردہ ایجنڈے میں قیام امن، بہتر گورننس اور پارٹی قیادت کی رہائی کیلئے اقدامات کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کی سینئر قیادت کے ساتھ اہم مشاورتی بیٹھک کی، جس میں صوبائی صدر جنید اکبر، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، عاطف خان، شاہرام ترکئی اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔ مشاورت کے بعد صوبائی حکومت کے ابتدائی ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی گئی۔

ایجنڈے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صوبے میں قیام امن کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں گے، بیوروکریسی میں اصلاحات متعارف کرائیں گے اور گورننس سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔

اس کے علاوہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی کیلئے قانونی اور سیاسی سطح پر کوششوں میں بھی تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق سینیٹر مشتاق احمد اپوزیشن اتحاد میں شامل ہو گئے

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے میں اعلیٰ بیوروکریسی اور ضلعی سطح پر بڑی اکھاڑ پچھاڑ متوقع ہے، تاکہ قابل اور فعال افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ کی پارٹی قیادت کے ساتھ مزید مشاورتی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، تاکہ ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی جا سکے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آئندہ ہفتے صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں ایجنڈے پر باضابطہ منظوری حاصل کریں گے۔