ای چالان ڈیفالٹرز کی گاڑیاں بلیک لسٹ کرنے کا فیصلہ
e-challan defaulters
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔

ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان کیخلاف محکمہ ایکسائز اینڈ ٹرانسپورٹ نے سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ اب بلیک لسٹ ہونے کیلئے چالانوں کی حد کم کر دی گئی ہے، جس کے بعد 25 یا اس سے زائد ای چالان والے گاڑی مالکان کو پکڑا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں 50 ای چالانز والے ڈیفالٹرز کیخلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تھا، تاہم اب دوسرے مرحلے میں 25 ای چالانز رکھنے والی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی بلیک لسٹ کیا جا رہا ہے۔ تیسرے مرحلے میں 10 ای چالانز والے مالکان کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ بلیک لسٹ گاڑیاں نہ صرف ضبط کی جائیں گی بلکہ ان کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس اور ٹرانسفر پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔

حکام کے مطابق شہریوں کو متعدد بار تنبیہ کی گئی مگر بہت سے مالکان نے ای چالان جمع نہیں کرائے۔

لاہور سمیت بڑے شہروں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو جدید کیمروں کی مدد سے نادہندہ گاڑیوں کی نشاندہی کر رہی ہیں۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت اپنے ای چالان جمع کرائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔