
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیے گئے اس دورے میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو اور دیگر حکام بھی شامل تھے۔
وفد نے بیج سازی، جدید ٹیکنالوجی اور زرعی مشینری کے شعبے میں چین کی معروف کمپنیوں سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر زراعت سید عاشق حسین نے سینجنٹا چائنا کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی کے صدر فو سو (FU SU) نے وفد کو خوش آمدید کہا اور پنجاب میں کوالٹی سیڈ پروڈکشن کے قیام کی یقین دہانی کرائی۔
سینجنٹا چائنا نے تل کی درآمد میں اضافہ اور پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سنٹر کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس اقدام سے بیجوں کے معیار میں بہتری اور زرعی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔
وفد نے چین کی عالمی شہرت یافتہ ٹریکٹر ساز کمپنی وائی ٹی او (YTO) کا بھی دورہ کیا۔ وائی ٹی او نے پنجاب میں جدید زرعی مشینری کے پلانٹ لگانے کے لیے پاکستانی پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ معاہدہ طے کیا۔
اس موقع پر وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وائی ٹی او کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا تاکہ پلانٹ کے قیام پر عملی پیش رفت کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر جدید زرعی مشینری اور ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ سے صوبے میں فارم میکانائزیشن کو فروغ ملے گا، جس سے کاشتکاروں کی پیداوار اور آمدنی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
حکام کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان زرعی تعاون کو ایک نئے دور میں داخل کرے گا اور پنجاب کے کسانوں کے لیے جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کو یقینی بنائے گا۔