
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اور لیڈی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کا امتحان دینے والے جیل ملازمین کو 3 دن کی چھٹی دی جائے گی۔ آئی جی جیل کے حکم پر اے آئی جی اسٹیبلیشمنٹ جیل کی جانب سے متعلقہ افسران کو مراسلہ بھجوا دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا کسانوں کو اربوں روپے سبسڈی دینے کا اعلان
پنجاب پبلک سروس کمیشن لاہور کی جانب سے سروس کوٹہ کے تحت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل اور لیڈی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کی آسامیوں کے لئے اشتہارجاری کیا گیا تھا۔ مراسلے کے مطابق اسامیوں کیلئےدرخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 جون مقرر کی گئی تھی۔
محکمہ جیل نے تمام درخواست دینے والے جیلوں / دفاتر کے وارڈر گارڈ کو این او سی جاری کر دیا۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن نے اسامیوں کیلئے تحریری امتحان آج شیڈول کیا ہے۔
واضح رہے پنجاب پبلک سروس کمیشن نے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل سروس کوٹہ کی 128 اسامیوں اور سب انسپکٹر پنجاب پولیس اوپن میرٹ کی 300 اسامیوں سمیت دیگر محکموں کی اسامیوں کے تحریری امتحان کا شیڈول جاری کیا۔
جس میں 75 ہزار امیدوار شرکت کر رہے ہیں، تحریری امتحان 18 اور 19 اکتوبر کو لاہور سمیت پنجاب کی 6 ڈویژنز میں لیا جائے گا، اصل شناختی کارڈ یا اصل پاسپورٹ یا اصل ڈومیسائل نہ لانے والے امیدواروں کو امتحان میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔