
پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق حکومت نے اگست کے مہینے کے بجلی کے بل سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کے لیے معاف کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تمام کیٹیگریز کے گھریلو صارفین کے بل معاف کیے گئے ہیں جبکہ جن گھریلو صارفین نے اگست کے بل پہلے ہی ادا کر دیے تھے ان کی ادائیگی کو ایڈجسٹ کر دیا گیا ہے۔
پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمرشل اور دیگر کیٹیگریز کے بلوں کو دسمبر تک مؤخر کر دیا گیا ہے اور اگست کے مؤخر شدہ بل 6ماہ کی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سولر پینلز اور انٹرنیٹ کی قیمتوں میں اضافے کا امکان
نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی کے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (FCA) کے تحت ڈسکوز (DISCOs) کے لیے بجلی کی قیمتوں میں1.79 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔
یہ فیصلہ لائف لائن صارفین، پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے علاوہ تمام ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے صارفین پر لاگو ہوگا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو یہ ریلیف ستمبر کے بلوں میں دیا جائے گا۔
قبل ازیں سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA) نے جولائی کے ایڈجسٹمنٹ کے لیے 1.69 روپے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز میں اس کمی سے صارفین کو تقریباً 24.5 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔