سیکورٹی خدشات: میٹرو بس سروس کو محدود کر دیا گیا
صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیکورٹی خدشات کے باعث میٹرو بس سروس کو محدود کر دیا گیا ہے
صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیکورٹی خدشات کے باعث میٹرو بس سروس کو محدود کیا گیا/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں سیکورٹی خدشات کے باعث میٹرو بس سروس کو محدود کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق میٹرو بس اب گجومتہ سے ایم اے او کالج تک جزوی طور پر چلائی جا رہی ہے، جبکہ ایم اے او کالج سے شاہدرہ تک سروس مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔ اس اقدام سے شہریوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی ہے جو روزانہ کے سفر کے لیے میٹرو بس پر انحصار کرتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے یہ فیصلہ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ موصول ہونے والی رپورٹس کے بعد میٹرو کے کچھ حصوں پر آپریشن عارضی طور پر بند کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ، عوامی اجتماعات پر پابندی عائد

عوامی ردِعمل کے مطابق لاہور کے شہریوں نے اس فیصلے پر ملا جلا ردعمل دیا ہے۔ کئی مسافروں نے کہا کہ اچانک بندش سے دفاتر، اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے لیے پہنچنا مشکل ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو متبادل ٹرانسپورٹ کے انتظامات کرنے چاہییں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دوسری جانب اورنج لائن ٹرین سروس مکمل طور پر فعال ہے۔ البتہ دو اسٹیشنز جن میں بند روڈ اسٹیشن اور ملتان روڈ اسٹیشن شامل ہیں کو سیکورٹی خدشات کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ لاہور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی (LMTA) کے مطابق باقی تمام اسٹیشنز معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اور ٹرین کا شیڈول برقرار ہے۔
ترجمان کے مطابق، شہریوں کو متبادل اسٹیشنز سے ٹرین استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی حالات معمول پر آئیں گے، بند اسٹیشنز دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور میٹرو بس سروس اور اورنج لائن ٹرین دونوں ہی شہر میں روزانہ ہزاروں مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرتی ہیں۔ ان میں کسی بھی قسم کی بندش شہری زندگی پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے۔