جعفر ایکسپریس حادثے کا شکار، 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
 پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپر کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ٹرین حادثے کی فوٹو
کوئٹہ: (سنو نیوز) پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپر کو حادثہ پیش آگیا جس کے نتیجے میں ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔

ریلوے حکام کے مطابق ٹرین کو حادثہ مستونگ کے علاقے دشت کے قریب پیش آیا جس کے نتیجے میں 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جبکہ ایک بوگی الٹ گئی، امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔

لیویز ذرائع کا بتانا ہے کہ جعفر ایکسپریس حادثے میں پانچ مسافر زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دے دی گئی ۔

ریلوے حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ دشت میں پٹڑی سے اترنے والی بوگیوں کو اٹھانے کیلئے ریلف کرین روانہ کی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ سے ریلیف ٹرین بھی چلائی جارہی ہے، زیادہ تر مسافر اپنی مدد آپ کے تحت گھروں کی جانب روانہ ہو گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی ہونے والے مسافروں کو ریسکیو کیا۔

حکام کے مطابق ٹرین کی آمد سے تقریباً آدھا گھنٹہ قبل ٹریک پر دھماکہ ہوا تھا جس کے باعث انجن سمیت بوگیاں ڈی ریل ہوئیں، دھماکے سے متعلق مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جعفر ایکسپریس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا اور حادثے کی رپورٹ 24 گھنٹے میں طلب کرلی ہے۔