
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت کے حمایت یافتہ خارجیوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی فیڈرل کانسٹیبلری(ایف سی) ہیڈکوارٹرز کی دیوار سے ٹکرائی۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار جزوی طور پر گرگئی اور ملحقہ شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور 3 بے گناہ شہری زخمی ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ، 2 میجرز سمیت 5 جوان شہید
سکیورٹی فورسز نے موثر کارروائی کرتے ہوئے ہندوستانی پراکسی، فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 5 خوارج کو ہلاک کردیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی اور پاک فوج کے 6 بہادر جوان بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا اور اس بزدلانہ کارروائی کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم پر ثابت قدم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں اور معصوم شہریوں کی ایسی قربانیاں ہماری اس اٹل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ ہر قیمت پر اپنے وطن کا تحفظ کیا جائے۔
دوسری جانب کوئٹہ کے سریاب روڈ پر شاہوانی سٹیڈیم میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے بانی سردار عطائاللہ مینگل کی برسی کی مناسبت سے جلسہ منعقد ہورہا تھا جس سے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سردار اختر مینگل سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا تاہم جلسے کے اختتام پر اس وقت پارکنگ ایریا میں زور دار دھماکا ہوا جب لوگ باہر نکل رہے تھے۔ دھماکے میں 14 افراد جاں بحق جبکہ سابق رکن بلوچستان اسمبلی احمد نواز سمیت 30افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا، دھماکے کے فوراً بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
محکمہ داخلہ بلوچستا ن کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت بلوچستان نے شاہوانی سٹیڈیم میں دھماکے کی تحقیقات حکم دیدیاہے۔ نیشنل پارٹی کے ترجمان علی لانگو کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہوانی سٹیڈیم کے باہر پارکنگ ایریا میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری میر کبیر احمد محمد شہی کے قافلے پر خود کش دھماکا کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں میر کبیر احمد محمد شہی کی 2گاڑیوں اور مرکزی لیبر سیکرٹری داد محمد بلوچ کی گاڑی بھی مکمل طورپر تباہ ہوگئی ہے۔ دھماکے میں میر کبیر احمد محمد شہی سمیت دیگر قائدین محفوظ رہے تاہم ان کے گن مین زخمی ہیں۔
علاوہ ازیں لکی مروت کے علاقے مچن خیل اڈا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق اہلکار گاؤں بیگوخیل سے ڈیوٹی کیلئے جارہے تھے کہ اس دوران ان پر فائرنگ کی گئی۔ حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے جن کو گرفتار کرنے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے ۔ پولیس کے مطابق دونوں لاشیں سٹی ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔



