عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی ہے
بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ جاری کی گئی/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی نئی میڈیکل رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ پمز اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں عمران خان کی مجموعی صحت کو درست قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے کان اور دانت حساس ہیں اور اس سلسلے میں ماہرین کی نگرانی ضروری ہے۔ جنوری 2024 سے عمران خان کے کان کو مختلف اسپیشلسٹ چیک کر رہے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پمز میڈیکل بورڈ نے کان اور دانتوں کے علاج کے لیے سپورٹیو مینجمنٹ کی سفارش کی ہے۔ اس مقصد کے لیے انہیں باقاعدہ طبی توجہ اور وقتاً فوقتاً معائنہ تجویز کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یاسمین راشد نے 9 مئی مقدمات کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2024 سے اگست 2025 کے دوران پمز میڈیکل بورڈ مسلسل عمران خان کا معائنہ کرتا رہا ہے۔ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل نے بھی جولائی 2024 میں جیل کا دورہ کیا اور ان کی صحت کا جائزہ لیا تھا۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق عمران خان کا اڈیالہ جیل میں اب تک 15 سے زائد بار مختلف ڈاکٹرز نے چیک اپ کیا ہے۔ ان میں کان، دانت اور عمومی صحت کے ماہرین شامل تھے۔ پمز میڈیکل بورڈ نے حالیہ دنوں میں بھی عمران خان کا اڈیالہ جیل میں معائنہ کیا اور ان کے طبی ٹیسٹ کیے۔
ڈاکٹرز کی ٹیم کے مطابق عمران خان کی مجموعی صحت تسلی بخش ہے، ان کی ہارٹ بیٹ، بلڈ پریشر اور دیگر رپورٹس نارمل پائی گئی ہیں۔ صرف کان اور دانت کے مسائل کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ مستقبل میں کسی بڑی پیچیدگی کا باعث نہ بنیں۔ اس کے لیے ’’سپورٹیو مینجمنٹ‘‘ یعنی احتیاطی اور معاون علاج تجویز کیا گیا ہے۔