گورنر سندھ کا بذریعہ قرعہ اندازی 24 نوجوانوں کو دبئی کے ٹکٹ دینے کا اعلان
 گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بذریعہ قرعہ اندازی 24 خوش نصیب نوجوانوں کو دبئی کے ٹکٹس دینے کا اعلان کردیا۔
گورنر سندھ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
کراچی: (ویب ڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بذریعہ قرعہ اندازی 24 خوش نصیب نوجوانوں کو دبئی کے ٹکٹس دینے کا اعلان کردیا۔

ترجمان کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کراچی میں فلاحی ادارے کے تحت آئی ٹی انٹری ٹیسٹ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جہاں انہوں نے نوجوانوں کے لیے بذریعہ قرعہ اندازی 24 دبئی کے ٹکٹس دینے کا اعلان کیا۔

ترجمان گورنر سندھ نے بتایا کہ گورنر کامران خان ٹیسوری نے تقریب کے دوران وہاں موجود ایک طالبہ کو بطور انعام عمرے کا ٹکٹ بھی دیا۔

اس حوالے سے ترجمان کا بتانا تھا کہ گورنر سندھ نے کہا ہے نوجوانوں کے ساتھ مل کر بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ گرا دیں گے، ہماری پوری کوشش ہے نوجوان اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ یہاں موجود طلباء میں سے جس کی پیدائش بھی 12 تاریخ کی ہو گی وہ قرعہ اندازی میں شامل ہو سکتا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی ہمیشہ محنت کرنی ہے ، اللہ تعالیٰ آپ کی محنت کو رائیگاں نہیں جانے دے آپ کو اپنے پیروں پر کھڑا کرے گا ہم وسیلہ بنیں گے، ہمیشہ بڑا سوچو کامیابی پاؤ گے، کسی سے حسد نہ رکھو اللہ تعالیٰ آپ کو بہت نوازے گا۔