تحریک انصاف کے دو مزید اراکین اسمبلی نااہل قرار
 الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف کے دو مزید اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف کے دو مزید اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصل آباد کے حلقوں پی پی 115 اور پی پی 116 کے ممبران صوبائی اسمبلی کی نا اہلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اراکین شیخ شاہد جاوید اور محمد اسماعیل کو 25 اگست کو انسداددہشت گردی عدالت فیصل آباد سے سزا ہوئی ہے ، شاہد جاوید پی پی 115 اور محمد اسماعیل 116 کو نا اہل کیا جاتا ہے ۔

الیکشن کمیشن نے شیخ شاہد جاوید اور محمد اسماعیل کی نشست بھی خالی قرار دے دی، الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت دونون ممبران صوبائی اسمبلی کو نااہل کیا۔

خیال رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 9 مئی مقدمات میں نامزد تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سزائیں سنائی گئی تھیں، الیکشن کمیشن کی جانب سے سزا یافتہ اراکین اسمبلی کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت نے انسداد دہشتگردی ترمیمی بل کی منظوری دے دی

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز، رہنما تحریک انصاف اعجاز چودھری کو بھی نااہل قرار دے چکا ہے۔

اسی طرح زرتاج گل وزیر، صاحبزادہ حامد رضا، رائے حسن نواز، محمد انصر اقبال، جنید افضل ساہی، رائے محمد مرتضیٰ اقبال کو بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر نے کے بعد تمام ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کی نشستیں خالی قرار دے دی گئی تھیں۔