دریائے راوی میں پانی کے بہاؤ میں اُتار چڑھاؤ
Ravi River water level Lahore
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) دریائے راوی میں پانی کی سطح مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار ہے، کہیں پانی کے بہاؤ میں کمی جبکہ بعض مقامات پر پانی کی مقدار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ آبپاشی کی جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق جسڑ کے مقام پر پانی کے بہاؤ کی موجودہ پیمائش 93 ہزار 660 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب دریائے راوی کے سیفن مقام پر پانی کا بہاؤ بڑھ کر ایک لاکھ 4 ہزار 343 کیوسک تک جا پہنچا ہے۔ اسی طرح شاہدرہ کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں کمی واقع ہوئی اور وہاں موجودہ بہاؤ ایک لاکھ 3 ہزار 160 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے راوی کے بلوکی مقام پر پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جہاں 2 لاکھ 23 ہزار 385 کیوسک بہاؤ نوٹ کیا گیا ، جو نشیبی علاقوں کیلئے خطرے کی گھنٹی سمجھا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق پانی کے بہاؤ میں مسلسل تبدیلی موسمی بارشوں اور بالائی علاقوں سے آنے والے ریلاؤں کے باعث ہو رہی ہے۔

اعلی حکام کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو احتیاطی اقدامات کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

اگر بارشوں کا سلسلہ برقرار رہا تو پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے، جس سے نشیبی بستیاں شدید متاثر ہو سکتی ہیں۔