سیلاب متاثرہ علاقوں میں بجلی بلوں میں ریلیف کا اعلان
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان کر دیا
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے بجلی بلوں میں توسیع اور ریلیف کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ جنہیں بجلی کے بلوں میں کمی نظر نہیں آرہی ان کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہے۔

لیسکو ہیڈکوارٹرز میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ والے آئی پی پیز بننے جا رہے ہیں اور نیٹ میٹرنگ کی وجہ سے 4 روپے فی یونٹ بوجھ عوام پر پڑے گا، ہم اس معاملے کو ایسے نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ ایک کروڑ 80 لاکھ صارفین 70 فیصد ڈسکائونٹ پر بجلی لے رہے ہیں، جن علاقوں میں سیلاب آیا ہے وہاں صارفین کو ریلیف دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:مختلف علاقوں میں نادرا مراکز کی عارضی بندش

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ لوگ سولر پینل لگا کر خود کو 200 یونٹ سے نیچے لے کر گئے ہیں، بجلی کی قیمت سستی ہوئی ہے، بلوں میں فرق آیا ہے، پانی اترتے ہی بجلی بحالی کا عمل جلد مکمل ہوگا، لیسکو ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ وزیر اعظم کے سیلاب فنڈ میں دی ہے، ملازمین اور صارفین کی سیفٹی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اس موقع پر لیسکو بی او ڈی چیئرمین ،چیف ایگزیکٹو لیسکو نے وفاقی وزیر اویس لغاری کو سیلاب متاثرین کیلئے ملازمین کی ایک دن کی تنخواہ کا امدادی چیک دیا۔ وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ جن علاقوں میں سیلاب آیا ہے وہاں صارفین کو ریلیف دیں گے، سیلاب متاثرین کے بجلی کے بلوں کی تاریخ میں توسیع بھی دی جائیگی، اگر سیلاب متاثرین کے بجلی بلز کیلئے حکومت کوئی مدد کا اعلان کر ے گی تو ڈسکوز بل معاف کر سکیں گی۔