پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کی سنی گئی
Pakistan new submarine cables
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان میں مزید تین نئی سب میرین کیبلز بچھائی جارہی ہیں، جن کی بدولت انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا کہ ملک میں مزید تین نئی سب میرین کیبلز بچھائی جارہی ہیں، جن کی بدولت انٹرنیٹ کی رفتار اور کنیکٹیویٹی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شزہ فاطمہ نے کہا کہ موجودہ دور میں ترقی کا سفر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر ممکن نہیں، حکومت آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے اور عوام کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں 10 ملین نئے موبائل سبسکرائبرز کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک میں مجموعی موبائل صارفین کی تعداد 200 ملین تک جا پہنچی ہے۔ یہ اضافہ نہ صرف ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کی نشاندہی کرتا ہے بلکہ سرمایہ کاروں کیلئے وسیع مواقع بھی فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اینڈرائیڈ فون کی کال سیٹنگز میں تبدیلی کی وجہ سامنے آگئی

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دو برسوں میں ملک میں ڈیٹا کے استعمال میں 24 سے 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تقریباً 8 ملین خواتین نے پہلی بار موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنا شروع کیا ہے، جو ایک مثبت اور حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ تین نئی سب میرین کیبلز کی تنصیب پاکستان کو خطے میں انٹرنیٹ کے حوالے سے مزید مستحکم اور تیز رفتار کنیکٹیویٹی فراہم کرے گی، جس سے تعلیم، کاروبار اور ڈیجیٹل معیشت میں نئے مواقع کھلیں گے۔