
بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) 13 اگست کو اپنے نئے براہ راست بینک اکاؤنٹس ادائیگی کے نظام "صحت اکاؤنٹس” کا پائلٹ مرحلہ شروع کرے گا۔ اس اقدام کے تحت ملک کے سات بڑے اضلاع میں فائدہ اٹھانے والے براہ راست ادائیگی حاصل کرنے کے لیے اپنی پسند کے بینک اکاؤنٹس کھول سکیں گے۔
یہ نقد کی منتقلی کے روایتی طریقوں سے زیادہ لچکدار، محفوظ، اور باوقار ادائیگی کے ماڈل میں تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کے لیے ذاتی بینک اکاؤنٹس کھولے جائیں گے،جس کا مقصد مالی امداد کی فراہمی کو شفاف، مؤثر اور باوقار بنانا ہے
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا عوام کو مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا پائلٹ مرحلہ 14 اگست 2025 سے ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، کوئٹہ، گلگت، مظفرآباد اور پشاور میں شروع کیا جائے گا، اس مرحلے کے تحت مالی امداد براہ راست مستحق خواتین کے ذاتی بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جائے گی، تاکہ وہ آسانی سے، خودمختار انداز میں اور بغیر کسی انسانی مداخلت کے اپنے فنڈز تک رسائی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین کو ادائیگیوں کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس پر بھی کام جاری ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بتایا کہ 21 جون 2025 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے "بینظیر ہنرمند پروگرام” کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین اور ان کے خاندانوں کے افراد کو عالمی معیار کے مطابق فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں، خود کفیل بنیں اور ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ دنیا بھر میں سکلڈ لیبر کی ڈیمانڈ ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان کا مستقبل ہے جو مستحق خاندانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائے گا۔ ہمیں اس پروگرام پر عملدآمد کیلئے ، صوبائی ٹیوٹاز، منسٹری آف اورسیز اور کے پلیٹ فارم سے تما م اسٹیک ہولڈرز کی معاونت اور تعاون حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام آج ایک عالمی شہرت یافتہ فلاحی پروگرام بن چکا ہے۔ گزشتہ سال مختلف ممالک کے وفود نے مطالعاتی دورے کیے تاکہ وہ بی آئی ایس پی کی طرز پر اپنے ممالک میں ایسے پروگرام تشکیل دے سکیں۔