ٹنڈوالہیار : پی ٹی آئی کے ضلعی صدر نہال لاشاری گرفتار، انصاف ہاؤس بند
سندھ کے ضلع ٹنڈوالہیار میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ نہال لاشاری کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ انصاف ہاؤس کو بند کردیا گیا۔
فوٹو سکرین گریب
ٹنڈوالہیار: (سنو نیوز) سندھ کے ضلع ٹنڈوالہیار میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ نہال لاشاری کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ انصاف ہاؤس کو بند کردیا گیا۔

تحریک انصاف ٹنڈوالہیار کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ نہال لاشاری کی گرفتاری کی ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں پولیس موبائل میں بیٹھے دکھائی دیے، ضلعی صدر کی گرفتاری کے بعد انصاف ہاؤس ٹنڈو الہیار پر تالے پڑ گئے۔

ایڈووکیٹ نہال لاشاری کی گرفتاری کے بعد کارکنان میں بے چینی پائی جارہی ہے تاہم تحریک انصاف کے ضلعی صدر کی گرفتاری پر پولیس کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق نہال لاشاری نے 5 اگست کو بانی تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر احتجاج کی کال دے رکھی تھی جبکہ انہوں نے تاجروں سے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل والی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے دو سال مکمل ہونے پر کل 5 اگست کے روز احتجاجی تحریک کی کال دی گئی ہے، ممکنہ طور پر تمام اضلاع میں ضلعی عہدیداران اور اراکین اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔