جھنگ: کھانا نہ گرم کرنے پر بھائی نے بہن کو قتل کر دیا
 جھنگ میں کھانا گرم نہ کرنے پر بھائی نے بہن کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
فائل فوٹو
جھنگ: (سنو نیوز) جھنگ میں کھانا گرم نہ کرنے پر بھائی نے بہن کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کے ضلع جھنگ علاقے موضع گگڑانہ حویلی لعل میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں کھانا گرم نہ کرنے پر بہن بھائی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، طیش میں آکر بھائی عمیر نے بہن لیڈی ڈاکٹر عائشہ پر فائرنگ کر دی۔

ذرائع کے مطابق فائر مقتولہ عائشہ کے سر پر لگا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عائشہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ ملزم موقع واردات سے فرار ہو گیا، مقتولہ چند روز قبل کرغستان سے واپس آئی تھی۔

پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھائی کے ہاتھوں قتل ہونے والی مقتولہ لیڈی ڈاکٹر عائشہ کے قتل کا مقدمہ چچا افتخار احمد کی مدعیت میں تھانہ سیٹلائٹ ٹاون میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔