ایف بی آر کا سیلز ٹیکس انٹیگریشن کی ڈیڈ لائن میں توسیع
FBR
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس انٹیگریشن کی ڈیڈ لائن میں توسیع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جمعہ کے روز جاری کردہ ایس آر او نمبر 1413(I)/2025 کے مطابق تمام مخصوص سیلز ٹیکس رجسٹرڈ افراد کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ نظام کے ساتھ اپنے ہارڈ ویئر اور سافٹ ویئر کی انٹیگریشن کی رجسٹریشن اور ٹیسٹنگ ایک لائسنس یافتہ انٹیگریٹر یا پی آر اے ایل (PRAL) کے ذریعے مکمل کریں اور مقررہ تاریخوں سے پہلے الیکٹرانک انوائسز جاری کرنا شروع کریں۔

ایف بی آر نے اس ضمن میں پہلے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر S.R.O. 709(l)/2025 (مورخہ 22 اپریل 2025) کو منسوخ کر دیا ہے۔

تمام پبلک کمپنیوں کے لیے سسٹم ٹیسٹنگ کی تاریخ 25 اگست 2025 اور الیکٹرانک انوائسز جاری کرنے کی تاریخ 1 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ وہ کمپنیاں جن کا ٹرن اوور گزشتہ بارہ ماہ کے سیلز ٹیکس ریٹرن میں ایک ارب روپے سے زائد ظاہر کیا گیا ہے ان کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 اگست 2025، سسٹم ٹیسٹنگ کی تاریخ 25 اگست 2025، اور الیکٹرانک انوائسز کے اجرا کی تاریخ 1 ستمبر 2025 ہے۔

مزیدبرآں درآمد کنندگان (Importers) کے لیے بھی رجسٹریشن کی ڈیڈ لائن 10 اگست 2025، سسٹم ٹیسٹنگ کی تاریخ 25 اگست 2025، اور الیکٹرانک انوائسز جاری کرنے کی تاریخ 1 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گیس کنکشنز پر عائد پابندی کے خاتمے کا فیصلہ، سمری ارسال

وہ کمپنیاں جن کا ٹرن اوور 100 ملین سے زائد مگر 1 ارب روپے سے کم ہے ان کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 ستمبر 2025، سسٹم ٹیسٹنگ 30 ستمبر 2025، اور ای انوائسنگ کی تاریخ 1 اکتوبر 2025 ہوگی۔

وہ کمپنیاں جن کا ٹرن اوور 100 ملین روپے سے کم ہے ان کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 10 اکتوبر 2025، سسٹم ٹیسٹنگ 30 اکتوبر 2025، اور ای انوائسنگ کی تاریخ 1 نومبر 2025 ہے۔

واضح رہے کہ انفرادی افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز جن کا ٹرن اوور 100 ملین سے زائد ہے ان کے لیے رجسٹریشن کی تاریخ 10 ستمبر 2025، سسٹم ٹیسٹنگ 30 ستمبر 2025، اور ای انوائسنگ کی تاریخ 1 اکتوبر 2025 ہوگی۔

یاد رہے کہ دیگر رجسٹرڈ افراد (غیر کارپوریٹ ٹیکس دہندگان) کے لیے رجسٹریشن کی تاریخ 10 نومبر 2025، سسٹم ٹیسٹنگ 30 نومبر 2025، اور ای انوائسنگ کے آغاز کی تاریخ 1 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔