پشاور ہائیکورٹ: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری معطل
پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔
فائل فوٹو
پشاور:(ویب ڈیسک) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

سینئر سول جج اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کے خلاف وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، علی امین گنڈاپور کی درخواست پر جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار بشیر خان وزیر نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے متعدد مقدمات میں حفاظتی ضمانت ملی ہے تاہم ایک کیس میں سینئر سول جج اسلام آباد نے درخواست گزار کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سینئر سول جج اسلام آباد نے 19 جولائی کو علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے 21 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ وزیراعلیٰ کو اس ضمن میں کوئی حکم نہیں ملا چونکہ وہ وزیراعلیٰ ہیں اور پشاور ہائیکورٹ سے متعدد کیسز میں حفاظتی ضمانت پر ہیں اور مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں ۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سینئر سول جج اسلام آباد کی جانب سے مذکورہ وارنٹ سے متعلق وزیراعلیٰ کے علم میں نہیں تھا اور نہ ہی انہیں پیشی کی تاریخ معلوم تھی اس لیے وہ عدالت نہیں جا سکے مگر وہ اب متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کا جیل میں قید کارکنان کیلئے مالی امداد کا اعلان

بشیر وزیر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ جس تاریخ کو ہمیں عدالتی حکم ملا وہ تاریخی پیشی سے پہلے ہی گزر چکی تھی اس لیے وزیرعلیٰ پیش نہ ہو سکے، وزیراعلیٰ صوبے کے چیف ایگزیکٹو ہیں اور موجودہ صورت حال میں وہاں پر پیشی ممکن نہ تھی اس لیے اب وہ پیش ہونے کے خواہاں ہیں۔

علی امین گنڈاپور کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سینئر سول جج اسلام آباد کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری کے احکامات کو معطل کیا جائے اور درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

بعدازاں عدالت نے سینئر سول جج اسلام آباد کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو وزیراعلیٰ کی گرفتاری سے روک دیا اور درخواست گزار کو کل منگل کے روز متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کردی۔