
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹویٹر) پر اپنے ایک پیغام میں بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے معاہدہ کے تحت سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ پر ویزا کی چھوٹ کے معاہدہ پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 24 جون کو نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ یو اے ای شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات میں ہم نے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اور سرکاری پاسپورٹس پر باہمی ویزا چھوٹ پر اتفاق کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا اربعین کیلئے خصوصی فلائٹ آپریشن کا اعلان
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم دونوں نے اس انتظام کو 30 دن میں مؤثر بنانے کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے تھے، یو اے ای حکام نے مطلع کیا ہے کہ امارات میں داخل ہونے والے سفارتی اور سرکاری پاکستانی پاسپورٹوں کے لیے ویزا کی چھوٹ 25 جولائی سے لاگو کر دی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سہولت چھوٹے متحدہ امارات کے تمام ہوائی اڈوں پر فعال کر دی گئی ہے، مجھے یہ تصدیق کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ تمام پاکستانی ہوائی اڈوں پر متحدہ عرب امارات کے شہریوں کے لیے باہمی انتظامات کو بھی فعال کر دیا گیا ہے۔